Wednesday, 23 August, 2006, 05:38 GMT 10:38 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ مراد جمالی کے قریب سڑک کے حادثے میں ایک خاتون سمیت پانچ افراد ہلاک اور اکیس زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ کوئٹہ سے صادق آباد جانے والی بس نوتال کے علاقے میں الٹ گئی ہے جس میں سوار پانچ افراد ہلاک اور اکیس زخمی ہوئے ہیں۔
یہ حادثہ بس کا ٹائر پھٹنے کے باعث پیش آیا ہے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون اور ایک ایف ایس سی کا طالبعلم شامل ہے۔
ڈیرہ مراد جمالی کے سول ہسپتال میں موجود ڈاکٹر محمد رمضان عمرانی نے بتایا ہے کہ بیشتر زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جنہیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔
ادھر اوچ گیس پلانٹ سے اوچ پاور پلانٹ کو جانے والی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑا دیا گیا ہے جس سے پلانٹ کو گیس کی ترسیل معطل ہو گئی ہے۔