Friday, 18 August, 2006, 13:25 GMT 18:25 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر سوئی کے قریب نامعلوم افراد نے گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا دیا جبکہ جمعرات کو بارودی سرنگوں کے دھماکوں سے ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی تعداد اطلاعات کے مطابق سات ہو گئی ہے۔ ان ہلاکتوں کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
سوئی سے آمدہ اطلاعات کے مطابق نامعلوم افراد نے رات گئے سولہ انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا ہے۔ سوئی سدرن گیس کمپنی کے ڈائریکٹر نعیم اخوند نے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ سوئی سے تقریباً پچیس کلومیٹر دور ہوا ہے۔
پائپ لائن حسن گیس فیلڈ کو جاتی ہے جہاں سے پندرہ ملین کیوبک فٹ گیس پنجاب کو فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے سندھ اور بلوچستان تو بالکل بتاثر نہیں ہوئے پنجاب اور سرحد کو بھی اس دھماکے سے زیادہ فرق نہیں پڑا۔
انہوں نے کہا کہ گیس پائپ لائن کی مرمت تقریباً مکمل ہو چکی ہے اور شام تک اس پائپ لائن سے گیس کی ترسیل شروع کر دی جائے گی۔
ڈیرہ بگٹی سے مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بارودی سرنگوں کے دھماکوں میں ہلاک ہونے والےاہلکاروں کی تعداد سات ہو گئی ہے۔ کل بھمبھور اور کوہلو کے قریب کرمو وڈھ میں دو علیحدہ علیحدہ واقعات میں سکیورٹی فورسز کے پانچ اہلکار ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے تھے ۔ جمعہ کو موصول ہونے والی اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ دو اہلکار آج دم توڑ گئے ہیں۔ ان ہلاکتوں کے بارے میں سرکاری سطح پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
ڈیرہ بگٹی کے ضلعی رابطہ افسر عبدالصمد لاسی سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے پہلے لاعلمی کا اظہار کیا اور پھر معلومات حاصل کرنے کے بعد انہوں نے کہا کہ دو دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں لیکن کوئی نقصان نہیں ہوا۔