Thursday, 17 August, 2006, 20:35 GMT 01:35 PST
حسین عسکری
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
کراچی میں جمرات کے روز ہونے والی تیز بارش کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔
یہ ہلاکتیں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کے تار گرنے کی وجہ سے ہوئی ہیں۔ آئی آئی چندریگر روڈ، شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ، سائٹ، طارق روڈ ڈیفنس اور شہر کے کئی دوسرے علاقوں سے ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں ۔
خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد زیادہ ہوسکتی ہے ۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے ایدھی ایمبولینس سروس کی ایمبولینسیں کئی جگہوں تک لاشیں اٹھانے کے لیئے نہیں پہنچ سکیں ہیں۔
شہر بھر میں زیادہ تر علاقوں میں سڑکوں پر ٹریفک بری طرح پھنسا ہوا ہے۔
بیشتر افراد رات دیر تک اپنے دفاتر سے گھروں تک نہیں پہنچ سکے تھے۔
بارشوں کے دوران شہری حکومت کی جانب سے پانی کی نکاسی کے لیئے کی جانے والی کوششیں تو کسی حد تک نظر آئی ہیں لیکن کینٹونمنٹ بورڈ اور ڈیفینس ہاؤسنگ اتھارٹیکی انتظامیہ مکمل طور پر خاموش ہے۔