Wednesday, 16 August, 2006, 10:02 GMT 15:02 PST
پاکستان میں آموں کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیئے کسانوں، تاجروں اور سرد خانوں کے مالکان پر مشتمل ایک خصوصی گروپ تشکیل دیا گیا ہے۔
زرعی مارکیٹنگ کے محکمے نے ایک اجلاس میں کہا کہ دنیا میں پاکستانی آموں کے فروغ کے لیئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ امریکہ، ہالینڈ اور متحدہ عرب امارات پاکستانی آم کے بڑے خریداروں میں سے ہیں۔ اجلاس کے شرکا کا خیال تھا کہ پاکستان کو یورپ میں بھی آموں کی مارکیٹ تلاش کرنی چاہیے۔
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق گزشتہ سال پاکستان نے آموں کی برآمد سے دو کروڑ چالیس لاکھ ڈالر کمائے جو کہ دنیا بھر میں اس پھل سے ہونے والی کمائی کا دس عشاریہ دس فیصد ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آموں کی برآمدات میں اضافے کے لیئے بڑے ہوائی اڈوں پر ون ونڈو آپریشن متعارف کروانے کے علاوہ آموں کے لیئے جہازوں میں زیادہ گنجائش رکھنے پر بھی غور ہو رہا ہے۔