http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 13 August, 2006, 16:32 GMT 21:32 PST

رفعت اللہ اورکزئی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور

خیبر: مذہبی تصادم میں 9 افرادہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں گزشتہ روز دو مذہبی تنظیموں کے مابین شروع ہونے والی جھڑپوں میں اتوار کے روز مزید چھ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے ۔ اس طرح سنیچر اور اتوار کو جھڑپوں میں مرنے والوں کی تعداد نو تک پہنچ چکی ہے۔

خیبر ایجنسی میں تین افراد ہلاک
باڑہ اسلامی مرکز پر حکومتی کنٹرول

سرکاری ذرائع کے مطابق تازہ واقعہ اتوار کو شام ساڑھے چار بجے پشاور سے متصلہ قبائلی علاقہ باڑہ میں قمبر آباد کے مقام پراس وقت پیش آیا جب دونوں تنظیموں لشکر اسلامی اور انصار الااسلام کے حامیوں کا ایک دوسرے سے آمنا سامنا ہوا۔

عینی شاہدوں کے مطابق بھاری اسلحہ سے مسلح گروپوں کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے لشکر اسلامی کے چار رضاکار موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ مخالف تنظیم انصار الااسلام کے دو کارکن زخمی ہوئے جو بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر ہسپتال میں چل بسے۔ فائرنگ سے ایک راہگیر بھی زخمی ہوا ہے۔

تازہ واقعے کے بعد باڑہ کے لوگ ایک بار پھر خوف وہراس میں مبتلا ہوگئے ہیں باڑہ تحصیل کے حدود میں صورتحال دوبارہ کشیدہ ہونے کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
سنیچر کو فریقین کے مابین وادی تیرہ میں لڑائی میں تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے تھے جس کے بعد مقامی قبائل نے دونوں تنظیموں کے درمیان عارضی جنگ بندی کرا دی تھی۔

واضع رہے کہ اس سال مارچ کے مہینے میں باڑہ کے علاقے میں دو مذہبی پیشواؤں کے حامیوں کے مابین جھڑپوں میں درجنوں افراد ہلاک ہوگئے تھے تاہم مقامی انتظامیہ ان گروپوں کے خلاف کاروائی کرنے میں اب تک ناکام رہی ہے۔