http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 04 August, 2006, 14:13 GMT 19:13 PST

فراز ہاشمی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آباد

دریا میں بہہ کر 10 ہلاک

راولپنڈی کے دریائے سواں میں باراتیوں سے بھری ایک پک اپ کے بہہ جانے سے ایک بچے اور آٹھ خواتین سمیت دس افراد ہلاک اور چھ بچے لاپتہ ہو گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق یہ حادثہ جمعہ کو راولپنڈی سے کوئی ساٹھ کلو میٹر جنوب میں چونترہ کے علاقے میں پیش آیا جب باراتیوں سے بھری ہوئی پک اپ جس میں زیادہ تر خواتین اور بچے تھے تیز بھاؤ کے سبب پانی میں بہہ گئی۔

پولیس نے کہا کہ ابھی اس سلسلے میں زیادہ تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں کہ یہ پک اپ کس طرح پانی میں بہہ گئی۔

پولیس کے مطابق شدید بارشوں کی وجہ سے دریا میں پانی کا بہاؤ تیز ہے جس کی وجہ سے لاشیں اور زخمیوں کو نکالنے میں بہت دشواری پیش آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پک میں سوار لوگ پانی میں بہہ کر کافی دور تک چلے گئے۔

پولیس کے مطابق غوط خور ابھی تک لاپتہ بچوں کی تلاش میں ہیں لیکن ان کا کافی دور دور تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت پورے شمالی پنجاب، ہزارہ ڈوژن ، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور صوبہ سرحد کے بعض علاقوں میں گزشتہ رات سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

محمکہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی دوپہر تک بارشوں کے اس سلسلے نے پورے پنجاب کو اپنی لپیٹ میں لیے لیا تھا اور حافظ آباد سے لے کر اٹک تک بارش ہو رہی ہے۔

سب سے زیادہ بارش اب تک اسلام آباد میں ریکارڈ کی گئی جہاں ڈہائی سو ملی میٹر بارش ہو چکی ہے جبکہ راولپنڈی میں دو سو بارہ ملی میٹر بارش ہوئی۔

راولپنڈی میں نالہ لئی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوئی گئی۔ محمکہ موسمیات نے بتایا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ اگلے چھتیس گھنٹوں تک جاری رہ سکتا ہے۔