http://bbc.com.im/urdu/

Friday, 04 August, 2006, 10:58 GMT 15:58 PST

عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

مسلم لیگی ایم پی اے، رکنیت ختم

لاہور ہائی کورٹ نے لاہور سے مسلم لیگ (نواز) کے ایک رکن پنجاب اسمبلی رانا تجمل حسین کے الیکشن کو کالعدم قرار دے کر ان کی رکنیت ختم کردی ہے۔

سنہ دو ہزار دو کے عام انتخابات میں رانا تجمل حسین لاہور کے صوبائی حلقہ ایک سو ستاون سے منتخب قرار دیے گئے تھے۔ان کا تعلق لاہور کے نواحی گاؤں ڈیال (باٹا پور) سے ہے۔

الیکشن ٹریبیونل کے جج میاں حامد فاروق نے رانا تجمل کی رکنیت اس بنیاد پر ختم کی کہ ان کے کاغدات نامزدگی میں تجویز کنندہ اورتائید کنندہ کا ان کے حلقہ میں ووٹر کے طور پر اندراج نہیں تھا۔

رانا تجمل سے ہارنے والے امیدواروں رانا شوکت محمود اور جاوید اعوان نے ان کے انتخاب کو عدالت عالیہ کے انتخابی ٹریبیونل میں چیلنج کیا تھا۔

پنجاب اسمبلی میں ارکان کی کل تعداد تین سو تہتر ہے جن میں سے دو سو ستانوے براہ راست منتخب ہوتے ہیں جبکہ چھیاسٹھ مخصوص نشستیں خواتین کی اور آٹھ غیر مسلموں کی ہیں جن کا بالواسطہ انتخاب ہوتا ہے۔