Saturday, 29 July, 2006, 12:47 GMT 17:47 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
چند دنوں سے لاہور کے بازاروں سے مرغی کی دستیابی بہت کم ہوگئی ہے۔ شہر کی اکثر دکانوں پر ولایتی مرغی دستیاب نہیں ہے اور جہاں ہے وہاں خریداروں کا ہجوم دیکھنے میں آتا ہے۔
لاہور کے مشہور پرچون بازار ٹولنٹن مارکیٹ میں ایک دکاندار مقصود اللہ کا کہنا ہے کہ ان دنوں ولایتی مرغی کا گوشت زندہ تقریبا ایک سو روپے کلو جبکہ گوشت ایک سو پینتیس سے ایک سو چالیس روپے فی کلو گرام کے حساب سے فروخت ہورہا ہے لیکن اب مرغی کی فراہمی بند ہوگئی ہے۔
شہر میں ریسٹورنٹ والوں کا کہنا ہے کہ انہیں مرغی کا گوشت بیوپاریوں سے ایک سو چالیس روپے سے ایک سو ساٹھ روپے فی کلو کے حساب سے خریدنا
پڑ رہا ہے۔
مرغی کی کمی اس وقت شروع ہوئی جب چند روز پہلے لاہور کی ضلعی حکومت نے یہ پابندی لگا دی کہ دکاندار پرچون میں ولایتی مرغی کا گوشت ایک سو دس روپے فی کلو اور زندہ پینسٹھ روپے فی کلوگرام سے زیادہ قیمت پر نہیں بیچیں گے۔
دکانداروں کے مطابق حال ہی میں مقرر کیے گئے مجسٹریٹوں نے دکانداروں کو زیادہ قیمت پر مرغی فروخت کرنے پر جرمانے کرنا شروع کردیے ہیں۔
پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے صدر رضا محمود کا کہنا ہے کہ لاہور کی ضلعی حکومت نے کم نرخ پر مرغی بیچنے کے لیے جو مہم چلائی ہے اس کا نتیجہ ہے کہ بیوپاریوں نے لاہور میں مرغی لانا بند کردیا ہے۔
ایسوشی ایشن کے مطابق لاہور کے اپنے پولٹری فارم صرف آدھی ضرورت پوری کرتے ہیں۔ باقی مرغی شیخوپورہ، قصور اور اوکاڑہ سے آتی ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ برڈ فلو کی وجہ سے مرغی کی صنعت تین چار ماہ شدید نقصان کا شکار رہی۔ چند ہفتہ پہلے تک مرغی کا گوشت طلب نہ ہونے کی وجہ سے ساٹھ روپے کلو فروخت ہوتا رہا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق مرغی کی طلب میں کمی کی وجہ سے ملک میں آدھے پولٹری فارم بند ہوگئے تھے اور لوگوں نے مرغی کا بیج بھی لینا بند کردیا جس سے اس کی پیداوار آدھی رہ گئی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اب چند ہفتوں سے لوگوں کا برڈ فلو کا ڈر کم ہوا اور انہوں نے مرغی کا گوشت معمول کے مطابق خریدنا شروع کردیا ہے۔ اس وجہ سے رسد کم اور طلب زیادہ ہونے سے مرغی کی قیمتیں دگنا ہوگئی ہیں۔
![]() | |
| ریسٹورنٹ والوں کا کہنا ہے کہ انہیں مرغی کا گوشت بیوپاریوں سے ایک سو چالیس روپے سے ایک سو ساٹھ روپے فی کلو کے حساب سے خریدناپڑ رہا ہے |
دوسری طرف، لاہور میں ضلعی رابطہ افسر میاں محمد اعجاز کا کہنا ہے کہ اگر لاہور میں مرغی کی کمی ہوئی تو حکومت دفعہ ایک سو چوالیس نافذ کرکے ضلع لاہور سے مرغی باہر لے جانے پر پابندی عائد کردے گی تاکہ شہر میں مرغی دستیاب رہے ۔