Thursday, 27 July, 2006, 17:46 GMT 22:46 PST
ریبا شاہد
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے) کی جانب سےجاری کردہ ایک حالیہ ہدایت نامے کے مطابق ملک کی تمام انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو کچھ مخصوص بلوچ ویب سائٹس تک رسائی روکنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
چھبیس جولائی کو پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ اس ہدایت نامے میں چونتیس ویب سائٹس کی فہرست شائع کی گئی ہے۔ اس فہرست میں بیشتر ایسی ویب سائٹس شامل ہیں جن پر علاقائی زبان میں بلوچ قوم پرست تحریک سے وابسطہ مواد اور حکومت کی جانب سے بلوچستان میں فوجی آپریشن کے حوالے سے خبریں شائع کی گئی ہیں۔
اس فہرست میں ’ریڈیو بلوچ ڈاٹ آرگ‘ شامل ہے۔ یہ ویب سائٹ بلوچستان سے منسلک واقعات پر تحریری اور صوتی مواد شائع کرتی ہے۔ اس کے علاوہ فہرست میں ’بروہی ڈاٹ ٹی کے‘، ’گولبیگ ڈاٹ این یو‘ اور ’بلوچ یونین ڈاٹ کام‘ جیسی ویب سائٹس بھی شامل ہیں جو زیر تعمیر ویب سائٹس یا ’پارکڈ ڈومین‘ ظاہر ہوتی ہیں۔
اس فہرست میں ’بلوچ ڈاٹ بلاگ سپاٹ ڈاٹ کام‘ ، ’پیام بلوچ ڈاٹ پرشین بلاگ ڈاٹ کام‘ اور’ ڈوشہ ڈاٹ پرشین بلاگ ڈاٹ کام‘ جیسی مقامی زبان کے بلاگ بھی شامل ہیں۔
پی ٹی اے کے اس ہدایت نامے کے مطابق ’لائیو تھری سکسٹی فائو ڈاٹ کام‘ تک رسائی بند کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے جو انٹرنیٹ پر مفت ریڈیو براڈ کاسٹ سننے اور نشر کرنے کی سروس فراہم کرتی ہے۔
واضح رہے کہ پچیس اپریل کو پی ٹی اے کی جانب سے جاری کردہ ہدایت نامے میں غلط معلومات کی تشہیر کو وجہ قرار دیتے ہوئے ملک میں تمام انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو ’بلوچ وائس ڈاٹ کام‘، ’بلوچ 2000 ڈاٹ آرگ‘، ’بلوچ فرنٹ ڈاٹ کام‘، ’ہندو یونٹی ڈاٹ کام‘ اور ’سنا بلوچ ڈاٹ کام‘ تک رسائی روکنے کے احکامات جاری کیے تھے۔