http://bbc.com.im/urdu/

Wednesday, 26 July, 2006, 02:19 GMT 07:19 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

صحافی کی بازیابی کے لیئے احتجاج

سندھ میں گولارچی کے لاپتہ ہونے والے صحافی مہرالدین مری کی بازیابی کے لیئے صحافیوں نے منگل کے روز کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

سندھ میں ایک اور صحافی لا پتہ

لاپتہ لوگ: خصوصی اشاعت

یہ صحافی ضلع بدین سے احتجاج کے لیئے کراچی پہنچے تھے۔ انہوں نے پولیس اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

گولارچی میں سندھی روزنامہ کاوش کے لیئے رپورٹنگ کرنے والے صحافی مہرالدین مری کو ستائیس جون کو ٹھٹہ سے گولارچی جاتے ہوئے اہلکاروں نے حراست میں لیا تھا۔

ایوان صحافت بدین کے رہنما خالد محمود اور مصطفیٰ جمالی کا کہنا تھا کہ ٹھٹہ پولیس کی حدود سے مہرالدین مری کی گرفتاری کی گئی تھی مگر پولیس نے اس سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مہرالدین کو ایجنسی اہلکاروں کے حوالے کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ مہرالدین بیباک صحافی ہیں اور انہیں گولاڑچی پریس کلب کی دو ایکڑ زمین پر قبضے میں رکاوٹ بننے کی سزا دی جارہی ہے۔

یہ پلاٹ صحافیوں کی ملکیت تھا جس پر کچھ لوگ قابض ہونا چاہتے ہیں۔

انہوں نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ مہرالدین مری کی گرفتاری کا ازخود نوٹس لیا جائے اور ان کی بازیابی میں مدد کی جائے۔