http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 24 July, 2006, 15:33 GMT 20:33 PST

فراز ہاشمی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام اسلام آباد

پاکستان: بارش سے کئی ہلاک

صوبہ پنجاب کے شمالی اور صوبہ سرحد کے جنوبی اضلاع میں پیر کو مون سون کی شدید بارش میں مٹی کے تودے گرنے اور سیلابی پانی میں بہہ جانے کے واقعات میں کئی افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

دارالحکومت اسلام آباد کے جڑواں شہر راولپنڈی میں ہونے والی سو ملی میٹر بارش کی وجہ سے نالہ لئی کا پانی خطرے کے نشان پر پہنچ جانے کی وجہ سے پیر کی صبح لوگوں کو خبردار کرنے کے لیئے خطرے کے سائرن بجائے گئے۔

ضلعی حکام کے مطابق راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لئی کے پانی میں ڈوب جانے کی وجہ سے سات افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے جبکہ پانی
کے ریلے سے نکالے جانے والے ایک شخص نزاکت نے حکام کو بتایا کہ اس کے ساتھ تین اور افراد بھی پانی میں بہہ گئے تھے تاہم ان کے بارے میں تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی۔

سرکاری خبررساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پیر کوصوبہ سرحد کے ضلع مانسہرہ میں گڑھی حبیب اللہ کے علاقے جبی میں شدید بارش کی وجہ سے مٹی کا تودا گرنے کے ایک واقعے میں ایک ہی خاندان کے دو بچے ہلاک ہوگئے۔

اے پی پی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ بچوں کی ہلاکت کے علاوہ جبی اور شنکیاری کے علاقوں میں شدید بارشوں کی وجہ سے نجی املاک کو بھی نقصان پہنچا۔

راولپنڈی اسلام آباد میں بارش کی وجہ سے مختلف فضائی کمپنیوں کی پروازیں بھی متاثر ہوئی۔ اندرون ملک اور بیرون ممالک سے پیر کی صبح اسلام آباد پہنچنے والی مختلف پروازوں کو خراب موسم کی وجہ سے لاہور کے ہوائی اڈے پر اترنا پڑا۔

اسلام آباد پہنچنے والی پروازوں میں تاخیر کی وجہ سے مسافروں اور ان کو لینے اسلام آباد کے ہوائی اڈے پر پہنچنے والے لوگوں کو شدید مشکالات کا سامنا کرنا پڑا۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا۔ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سیلاب کے ممکنہ خطرے سے نبٹنے کے لیئے صوبہ پنجاب کے مختلف اظلاع کو چھ گروپوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔
 

راولپنڈی کے مختلف علاقے زیر آب آگئے جس سے ان علاقوں میں کاروبارِ زندگی معطل ہو کر رہا گیا۔ راولپنڈی کے علاوہ لاہور، سیالکوٹ، جہلم چکوال، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے زلزلہ زدہ علاقوں سے بھی شدید بارشوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ آنے والے دنوں میں بھی جاری رہے گا۔ مون سون کی بارشوں کی وجہ سے سیلاب کے ممکنہ خطرے سے نمبٹنے کے لیئے صوبہ پنجاب کے مختلف اضلاع کو چھ گروپوں میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔

پیر کو ہونے والے ایک اجلاس میں سیلاب سے نبٹنے کے لیئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور تمام متعلقہ اداروں کے علاوہ فوج کو بھی چوکس رہنے کی ہدایت کی گئی۔