Saturday, 22 July, 2006, 07:46 GMT 12:46 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
لبنان پر اسرائیلی حملوں سے متاثرہ افراد کی امداد کے لیئے پاکستان کے معروف فلاحی کارکن عبدالستار ایدھی سنیچر کی صبح دمشق روانہ ہوگئے ہیں جہاں سے وہ بیروت جائیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ایدھی بیروت میں مقامی باشندوں سے رضا کار منتخب کرکے امدادی کارروائیاں انجام دیں گے۔
ترجمان کے مطابق وہ اپنے ساتھ امدادی سامان کی بجائے دس لاکھ امریکی ڈالر لے کرگئے ہیں تاکہ مقامی طور پر ضروری سامان خرید سکیں۔
بیروت میں ممکنہ خطرات کے بارے میں عبدالستار ایدھی نے کہا کہ اگر ان کے توسط سے کسی ایک انسان کو بھی فائدہ پہنچتا ہو تو وہ کسی بھی مشکل یا خطرے کے باوجود دنیا کے کسی کونے میں بھی جانے کو تیار ہیں۔
پاکستان کے وزیراعظم شوکت عزیز نے بھی لبنان کو امداد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔
لبنان پر اسرائیل کی بمباری کے بعد پاکستان میں لبنان اور حزب اللہ کی حمایت میں روزانہ مظاہرے ہورہے ہیں۔