http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 18 July, 2006, 17:13 GMT 22:13 PST

اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد

’بی ایل اے دہشت گرد تنظیم ہے‘

پاکستان حکومت نے برطانیہ کی جانب سے بلوچستان لبریشن آرمی نامی تنظیم کو دہشت گرد قرار دینے کا خیر مقدم کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ امریکہ سمیت دیگر ممالک بھی ایسا ہی کریں گے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نےمنگل کے روز بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’برطانیہ کا یہ قدم قابل ستائش ہے اور ہم امریکہ سمیت دیگر ممالک سے بھی امید کرتے ہیں کہ وہ بھی ایسا کریں۔‘

واضح رہے کہ برطانیہ کی حکومت نے پیر کے روز ’بی ایل اے‘ کو شدت پسند تنظیم قرار دیتے ہوئے اپنے نئے نافذ کردہ قوانین کے تحت پارلیمان سےضروری قانون سازی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان نے رواں سال اپریل میں بلوچستان لبریشن آرمی یعنی ’بی ایل اے‘ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اُسے دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔

دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ میں ’فرنٹ لائن سٹیٹ‘ کا کردار ادا کرنے والے ملک پاکستان کی اس وقت سے شدید خواہش رہی ہے کہ امریکہ بھی ایسا کرے لیکن تاحال صورتحال ان کی امیدوں کے برعکس رہی ہے ۔

پاکستان میں رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑے صوبے بلوچستان کے مری، مینگل اور بگٹی قبائل کے سربراہان اپنے قبائل کے مسلح افراد کی شدت پسند کارروائیوں کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔

ان کا دعویٰ ہے کہ ان کی مسلح مزاحمت صوبے کے وسیع تر سیاسی اور مالی فوائد کے لیے ہے اور وہ چاہتے ہیں کہ معدنی وسائل پر صوبے کا حق ملکیت تسلیم کیا جائے۔

ان قبائل کے سرداروں کا دعویٰ ہے کہ ان کے حامی درجنوں افراد کو سیکورٹی ایجنسیوں نے گرفتار کیا ہے اور بیشتر کو عدالتوں میں پیش کرنے یا ان کی حراست ظاہر کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔