Tuesday, 18 July, 2006, 15:14 GMT 20:14 PST
ذوالفقار علی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام ، مظفرآباد
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے عوام نے منگل کو لبنان پر اسرائیلی حملوں کے خلاف اور لبنان کی اسلامی تنظیم حزب اللہ کے حق میں مظاہرہ کیا۔
یہ مظاہرہ گزشتہ سال آٹھ اکتوبر کے زلزے میں سب سے زیادہ تباہ ہونے والے شہر مظفرآباد میں کیا گیا اور اس کا اہتمام شعیہ طلباء تنظیم امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے کیا تھا۔
مظاہرین نے لبنان پر اسرائیلی حملوں کو کھلی دہشت گردی قرار دیا اور وہ مطالبہ کررہے تھے کہ لبنان پر حملے فوری طور پر بند کئے جائیں۔
مظاہرین امریکہ اور اسرائیل کے پرچموں کو قدموں کے نیچے روندتے رہے اور بعد ازاں ان پرچموں کو نظر آتش کردیا گیا۔ پولیس کی ایک بھاری نفری مظاہرین کے ساتھ ساتھ رہی تاہم یہ مظاہرہ پر امن طور پر ختم ہوگیا۔