Saturday, 15 July, 2006, 13:54 GMT 18:54 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
گورنر سرحد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ علی محمد جان اورکزئی نے سنیچر کو قبائلی علاقے خیبر ایجنسی میں باڑہ بازار فوری طور پر دوبارہ کھولنے کا حکم جاری کیا ہے۔ توقع ہے کہ یہ بازار ایک ماہ سے زائد کی بندش کے بعد اتوار سے دوبارہ کھلے گا۔
سنیچر کو پشاور میں جاری کیئے جانے والے ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ گورنر نے یہ فیصلہ چند روز قبل گورنر ہاوس پشاور میں ایک جرگے کی درخواست پر کیا ہے۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ قدم حکومت نے اپنی مصالحت اور بات چیت کے ذریعے مسائل کے حل کی پالیسی اور مقامی رسم و رواج کے تحت اٹھایا ہے۔
مقامی حکام نے واضع کیا کہ امن عامہ برقرار رکھنا مقامی انتظامیہ کی ذمہ داری ہوگی۔ اس مقصد کے لیئے بازار کے اردگرد چھ نئی حفاظتی چوکیاں بھی قائم کی جائیں گی۔
بازار میں کاروبار کرنے والوں کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے دس جون کو بند کیئے جانے کے بعد سے انہیں کروڑوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ باڑہ بازار علاقے میں تھوک سامان کی ایک بڑی منڈی کی صورت اختیار کر چکا ہے۔ یہاں کے تاجر حکام سے اسے دوبارہ کھولنے کا مطالبہ شروع سے کر تے آ رہے تھے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بازار دوبارہ کھولنے کا فیصلہ قبائلی عمائدین پر اس کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومت نے یہ وعدہ بھی کیا ہے کہ وہ باڑہ بازار کو ترقی دے کر اسے تمام ضروری سہولیات بھی مہیا کرے گی۔