Thursday, 06 July, 2006, 13:47 GMT 18:47 PST
اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے انجنیئر عتیق الرحمٰن کی حراست کے متعلق لاہور ہائی کورٹ کی راولپنڈی بینچ نے حکومت کو مزید ایک بار اور مہلت دیتے ہوئے جمعہ سات جولائی تک تحریری جواب طلب کرلیا ہے۔
درخواست گزار کے وکیل چودھری اکرام کے مطابق یہ حکم راولپنڈی بینچ کے جج سردار محمد اسلم نے بدھ کے روز دوران سماعت اس وقت جاری کیا جب حکومت کے وکیل نے کوئی جواب داخل نہیں کیا۔
آئی ایس آئی والے لے گئے |
عدالت کے سامنے پہلے آئی ایس آئی کے وکیل نے اٹامک انرجی کمیشن میں کام کرنے والے انجنیئر عتیق الرحمٰن کی پراسرار حراست کے بارے میں لاعلمی کا اظہار کیا تھا۔
تاہم ہائی کورٹ کے جج نے ان کے اس استدلال کو مسترد کرتے ہوئے آئی ایس آئی کے سربراہ اور سیکرٹری داخلہ سے اس بارے میں تفصیلی وضاحت مانگی تھی۔
گزشتہ دو سے زیادہ حاضریوں کے دوران متعلقہ حکام کی جانب سے تفصیلی جواب پیش نہیں کیا گیا اور عدالت نے بدھ کے روز ایک بار اور انہیں مہلت دیتے ہوئے یہ حکم جاری کیا ہے۔
عتیق الرحمن کے والد کے وکیل اکرام چوہدری کا کہنا ہے کہ ان کے موکل نے عدالت میں بیان حلفی داخل کیا ہے جس کے مطابق خفیہ ادارے آئی ایس آئی کے اہلکار انہیں کہتے رہے ہیں کہ عتیق الرحمٰن خیریت سے اسلام آباد میں ہیں اور وہ جلد ہی رہا ہو جائیں گے۔
وکیل کا یہ بھی کہنا تھا کہ عتیق الرحمن کے گھر والوں کو ایک مرتبہ یہاں تک کہا گیا کہ وہ اپنے بیٹے کی شادی کی تیاریاں شروع کر دیں کیونکہ انہیں جلد ہی چھوڑ دیا جائے گا۔
عتیق شادی کی چھٹی لے کر گئے |
واضح رہے کہ سن دوہزار چار میں جب جوہری سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر نے جوہری پھیلاؤ میں ملوث ہونے کا اقرار کیا تھا اس وقت ان کی جوہری لیبارٹری کے گیارہ ملازمین کو حراست میں لیا گیا تھا۔
ان میں سے دس تو رہا کردیئے گئے تھے جبکہ ایک سینیئر عہدیدار ڈاکٹر فاروق کو حراستی مرکز میں دو بار دل کا دورہ پڑنے کے بعد حال ہی میں انہیں اپنے گھر منتقل کیا گیا ہے۔ جہاں وہ سکیورٹی کے سخت پہرے میں ہیں۔ ڈاکٹر فاروق کی رہائی کے بعد پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا تھا کہ جوہری معاملے کی تحقیقات کا باب بند ہو گیا ہے۔