Friday, 23 June, 2006, 11:31 GMT 16:31 PST
علی حسن
بی بی سی، حیدرآباد، سندھ
جیکب آباد کی ایک عدالت نے جمعہ کو ایک سو نو روز تک لا پتہ رہنے والے صحافی مکیش روپیٹا اور کیمرہ مین سنجے کمار کی ضمانت پر رہائی کا حکم سنایا ہے۔
وکیل اشوک کمار نے ٹیلیفون پر بتایا کہ سول جج قیصر علی خان نے پچیس ہزار روپے زرِ ضمانت کے عوض رہائی کا حکم دیا۔
ضمانت پر رہائی کے بعد مکیش روپیٹا اور سنجے کمار اپنے گھر پہنچ گئے ہیں۔
دونوں صحافی ساڑھے تین ماہ غائب رہنے کے بعد بدھ کی رات کو برآمد ہوئے تو ایئر پورٹ پولیس نے ان کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ ان کے خلاف آفیشل سیکرٹ ایکٹ 1923 کے تحت بھی مقدمہ درج ہوا۔
مکیش روپیٹا کے بھائی گھن شام نے بتایا کہ مکیش روپیٹا ’کافی کمزور اور دبلے‘ دکھائی دے رہے تھے۔ حکام کی جانب سے اذیت کے الزام کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔
مکیش روپیٹا اور کیمرہ مین جیو ٹی وی کے لیے کام کرتے تھے لیکن اس ٹی وی چینل نے ان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع گزشتہ پیر تک نہیں دی تھی۔ بدھ کو جی او ٹی وی نے ایک بیان جاری کرکےکہا تھا کہ مکیش روپیٹا کو کسی الزام کے بغیر حراست میں رکھا گیا ہے۔