Wednesday, 21 June, 2006, 12:50 GMT 17:50 PST
مبشر زیدی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی پارلیمان کے ایوان زیریں، قومی اسمبلی کے کئی ارکان نے آج اسمبلی کیفے ٹیریا میں تیار کیئے گئے حلوے میں ریت پائے جانے کی شکایت کی جس پر سپیکر قومی اسمبلی نے اس معاملے کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا ہے۔
بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر شیر افگن نے کہا کہ آج جب انہوں نے کیفے ٹیریا میں حلوہ کھایا تو اس میں ایک چوتھائی ریت موجود تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں پارلیمان کے ارکان کھانا کھاتے ہیں اور اس طرح کے آلودہ کھانے کھانے سے ارکان کی صحت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔
وزیر کے مطابق ان کی شکایت کرنے کے بعد یہ حلوہ کیفے ٹیریا کی انتظامیہ نے تلف کر دیا۔
تاہم ڈاکٹر شیر افگن کے مطابق کیفے ٹیریا کی انتظامیہ کے خلاف مضر صحت حلوہ کھلانے پر پولیس سٹیشن میں کیس درج کروانا چاہیئے۔انہوں نے کہا کہ کیفے ٹیریا کی سابق انتظامیہ کو بھی انہی الزامات کے تحت بدل دیا گیا تھا مگر نئی انتظامیہ نے بھی وہی روش اپنائی ہے۔
اس پر قومی اسمبلی کے سپیکر چوہدری امیر حسین نے اسمبلی کے سیکریٹری کو ہدایات جاری کیں کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کریں۔
کل زہر ملا دحج گیا تو؟ |
کئی اراکین اسمبلی نے اشیائے خور دو نوش میں ملاوٹ کو روکنے کے لیئے قانون سازی کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے عوام کے لیئے بازاروں میں دستیاب اشیائے خور دو نوش میں ملاوٹ کی شکایات عام ہیں مگر حکومت اس معاملے پر کوئی ایکشن نہیں لیتی۔