Monday, 19 June, 2006, 15:38 GMT 20:38 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام پشاور
پاکستان کے قبائلی علاقے کرم ایجنسی میں دو قبائل کے درمیان پانی پر لڑائی میں حکام کے مطابق سات افراد زخمی ہوئے ہیں تاہم مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ چار افراد ہلاک ہوئے ہیں جن میں ایک عورت اور ایک بچی بھی شامل ہے۔
کرم سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ملی خیل اور بنگش قوم کی شاخ بوشرا کے درمیان ایک نالے پر یہ پرانا جھگڑا دوبارہ صبح نو بجے شروع ہوا۔
ایک مقامی عینی شاہد نجیب انزخیل نے بی بی سی کو بتایا کہ فریقین تصادم میں بھاری اور ہلکہ اسلحہ استعمال کر رہے ہیں۔ آخری اطلاعات تک جھڑپ جاری تھی۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین کے ایک مارٹر گولے سے ملی خیل کی ایک عورت اور ایک بچی ہلاک جبکہ ایک اور عورت زخمی ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دو مرد لڑائی میں ہلاک ہوئے ہیں۔ تاہم دوسرے فریق کے نقصان کے بارے میں ابھی واضح نہیں ہوسکا ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری کیئے گئے ایک بیان کے مطابق یہ لڑائی دو پہر تک جاری تھی جس میں سات افراد زخمی ہوئے ہیں۔
اس قضیے کے حل کے لیئے ماضی میں ایک جرگہ بھی منعقد ہوا تھا تاہم فریقین کے اپنے موقف سے نہ ہٹنے کی وجہ سے وہ ناکام ہوگیا تھا۔
سرکاری بیان کے مطابق کرم لیویز کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیئے تیار رہنے کے لیئے کہا گیا ہے۔