Monday, 19 June, 2006, 14:02 GMT 19:02 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
پاکستان میں تیل، قدرتی گیس اور مدنیات کے شعبے سے منسلک کارکنوں نے حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ سوئی میں گیس فیلڈ پر کام کرنے والے ایک درجن سے زائد ملازمین کے اغوا میں ملوث ہے۔
آل پاکستان آئل، گیس اینڈ منرل لیبر فیڈریشن نے یہ الزام پشاور میں پیر کے روز منعقد ایک اخباری کانفرنس میں لگایا۔ فیڈریشن کے چیئرمین ذوالفقار افغانی کا کہنا تھا کہ سوئی میں جاری کشیدگی کے دوران پاکستان پٹرولیم لیمیٹڈ کی یونین کے تقریباً بیس افراد کو حکومت نے اغوا کرایا تھا۔
سوئی سدرن، سوئی ناردرن، اوجی ڈی سی ایل، پی ایس او، این آر ایل، پارکو، پی پی ایل، شیل اور اٹک ریفائنری جیسے بڑے اداروں کے تقریباً چالیس ہزار ملازمین کی نمائندہ فیڈریشن نے یہ اخباری کانفرنس پشاور میں ایک اجلاس کے بعد کی جس کا اصل مقصد ان اداروں کی نجکاری کی مخالفت کا اعلان کرنا تھا۔