http://bbc.com.im/urdu/

Sunday, 11 June, 2006, 04:25 GMT 09:25 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ

افغان سرحد پر ہیروئن فیکٹریاں تباہ

بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب ہیروئن بنانے والی پانچ فیکٹریوں کو ختم کر دیا گیا ہے۔ جہاں سے مارفین کے علاوہ کیمیائی مادے اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

بلوچستان میں پاک افغان سرحد کے قریب ہیروئن بنانے والی پانچ فیکٹریوں کو ختم کر دیا گیا ہے جہاں سے مارفین کے علاوہ کیمیائی مادے اور اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

یہ علاقہ پاک ایران سرحد سے تھوڑے فاصلے پر واقع ہے۔ انسداد منشیات کی فورس کے اہلکاروں نے بتایا ہے کہ پاک افغان سرحد پر دالبندین کے علاقے برآمچہ کے مقام پر اس کارروائی میں ہیروئن بنانے والی پانچ فیکٹریوں کو ختم کرکے وہاں سے اکیس سو کلو گرام مارفین کے علاوہ کیمیائی مادے اور بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد کیا ہے۔

اس کارروائی میں چار ہیلی کاپٹر اور سیسنا طیارے استعمال کیے گئے ہیں۔ اہلکاروں نے بتایا ہے کہ یہ کارروائی خفیہ اطلاع پر کی گئی ہے لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔

افغانستان سے بڑی مقدار میں منشیات بلوچستان کے راستے یورپی ممالک کو سمگل کی جاتی ہے۔