http://bbc.com.im/urdu/

دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، ڈیرہ اسمعٰیل خان

فوجی قافلے پر حملہ، تین اہلکار ہلاک

پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں اتوار کی صبح گیارہ بجے کے قریب فوج اور اے ایف سی کے مشترکہ قافلے پر نامعلوم افراد کے حملے میں فوج کے دو اہلکار ہلاک اور دو شدید زخمی ہو گئے ہیں۔

اس حملے کے بعد انتظامیہ نے جوابی کارروائی کی اور گن شپ ہیلی کاپٹر کا استعمال کیا جس سے میران شاہ بازار میں واقع شاہیں ہوٹل تباہ ہوگیا اور چار شہری زخمی ہوگئے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس ہوٹل سے فائرنگ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں کارروائی ہوئی جس میں خاصہ دار کا ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

اس سے قبل مقامی انتظامیہ نے فوجی قافلے پر حملے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کی۔

فوجی قافلہ جو سرحدی علاقے دتہ خیل سے میران شاہ آ رہا تھا کہ میران شاہ سے چار کلو میٹر مغرب میں شہداد کوٹ کے قریب ایک پہاڑی علاقے میں تاک میں بیٹھے ہوئے افراد نے اس پر حملہ کردیا۔

اس حملے کے بعد فوج نےجوابی کارروائی شروع کردی جو تاحال جاری ہے۔ کارروائی میں گن شپ ہیلی کاپٹر استعمال کیا جا رہا ہے جو مختلف مشکوک ٹھکانوں پر فائرنگ کر رہے ہیں۔

اس کے علاوہ رات کو میران شاہ بازار کے قریب بانڈہ نامی چیک پوسٹ پر بھی حملہ کیا گیا جس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

فوج اور انتظامیہ نے اس وقت میران شاہ تک رسائی کے تمام راستوں کو بند کر دیا ہے اور کسی کو علاقے میں جانے کی اجازت نہیں۔