Thursday, 18 May, 2006, 13:37 GMT 18:37 PST
مبشر زیدی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
صدر جنرل پرویز مشرف نے انڈین ہدایت کار اور اداکار فیروز خان کو ’بلیک لسٹ‘ کرنے اور مستقبل میں پاکستان کا ویزا جاری نہ دینے کی ہدایت جاری کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فیروز خان نے دورۂ پاکستان کے دوران پاکستان کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیئے تھے۔
انڈین فلم تاج محل اور مغل اعظم کی پاکستان میں نمائش کی اجازت بھی صدر جنرل پرویز مشرف نے دی تھی۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق فیروز خان نے ایک تقریب کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کو اسلام کے نام پر قائم کیا گیا تھا لیکن یہاں مسلمان مسلمان کو ہلاک کر رہے ہیں۔
اے پی نے مقامی اخبارات کے حوالے سے کہا کہ تقریب میں موجود فیروز خان کے ساتھی اداکاروں نے فوراً ہی فیروز خان کے ان جملوں پر معافی طلب کی تاہم سکیورٹی ایجنسیز نے اس معاملے کی اطلاع حکومت کو دی۔
اے پی نے ایک سرکاری افسر کے حوالے سے کہا کہ فیروز خان نشے میں تھے اور اس حالت میں انہوں نے پاکستان کے خلاف توہیں آمیز الفاظ کہے۔