Wednesday, 17 May, 2006, 08:09 GMT 13:09 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر ڈیرہ اللہ یار میں نا معلوم افراد نے پولیس چوکی پر حملہ کیا ہے جس میں دو اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ سوئی میں دھماکے سے چار بچیاں زخمی ہوئی ہیں۔
پولیس اہلکاروں نے بتایا ہے کہ بدھ کی صبح نصراللہ چوکی پر ہیڈ کانسٹیبل عبدالفتاح اور نور محمد موجود تھے کہ اچانک نا معلوم افراد نے چوکی پر حملہ کردیا۔ اس حملے میں دونوں اہلکار ہلاک ہو گئے۔
یاد رہے گزشتہ ہفتے نا معلوم افراد نے کوئٹہ کے پولیس ٹریننگ کالج کی فائرنگ رینج میں پانچ دھماکے کیئے تھے جس میں چھ پولیس اہلکار ہلاک اور تیرہ زخمی ہوگئے تھے۔ ان دھماکوں کی ذمہ داری کالعدم تنظیم بلچ لبریشن آرمی نے قبول کی تھی۔
اس کے علاوہ سوئی کی بگٹی کالونی میں رات گئے زور دار دھماکہ ہوا ہے ۔ سوئی تھانے میں موجود پولیس افسر نے کہا ہے کہ دھماکہ گھروں کے سامنے کھلے میدان میں ہوا ہے۔ اس واقعے میں چار بچوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔