Tuesday, 09 May, 2006, 15:33 GMT 20:33 PST
ہارون رشید
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، پشاور
صوبہ سرحد کے ضلع ہنگو میں مقامی سنی سپریم کونسل کی اپیل پر یوم عاشور کے واقعے اور بعد میں ہنگاموں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری اور متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی کے حق میں آج یعنی سوموار کو مکمل پہیہ جام ہڑتال کی گئی۔
اس سال فروری میں یوم عاشور کے موقعہ پر ہنگو شہر میں خودکش حملے میں چالیس سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جبکہ بعد میں ہنگاموں میں سینکڑوں دوکانیں نذر آتش کر دی گئی تھیں۔ ہنگو بازار پہلے ہی تین ماہ سے بند پڑا ہے۔
![]() | |
| ہنگو ہنگاموں میں سینکڑوں دوکانیں نذر آتش کر دی گئی تھیں |
سنی سپریم کونسل کے رہنماؤں نے ٹل شہر میں احتجاجی مظاہرہ بھی منعقد کیا۔ مقررین نے حکومت سے ہنگو کے مسئلے کے حل پر توجہ دینے کا مطالبہ کیا۔
سنی کونسل کا مطالبہ ہے کہ واقعے عاشورہ اور بعد میں ہنگاموں میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار اور تاجر برادری کے نقصان کو پورا کیا جائے۔
صوبائی حکومت نے تاجر برادری کو بلاسود قرضے فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے تاہم اس ہڑتال سے ظاہر ہوتا ہے کہ متاثرین کو یہ قبول نہیں۔