Monday, 08 May, 2006, 11:18 GMT 16:18 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
شیخوپورہ کے نواح میں مبینہ پرانی دشمنی کی بنا پر ایک ہی خاندان کے چار کم سنوں سمیت سات افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا ہے جو گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران وسطی پنجاب میں اس طرح کا تیسرا واقعہ ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول خاندان پر الزام تھا کہ انہوں نے ملزموں کے ایک بھائی کو ڈھائی سال پہلے قتل کردیا تھا جس کا بدلہ لینے کے لیے یہ قتل کیا گیا۔
مرنے والوں میں پینتالیس سالہ اللہ دتہ، اس کی پینسٹھ سالہ ماں سرداراں بی بی، پینتیس سالہ بہو کنیز فاطمہ اور چار پوتے پوتیاں آٹھ سالہ صاحبہ، تین سالہ صبا، چار سالہ مشرف اور بارہ سالہ قاسم شامل ہیں۔
پولیس نے جاوید اقبال سمیت بارہ افراد پر اس قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں ایف آئی آر درج کی ہے اور چند افراد کو گرفتار بھی کرلیا ہے۔
وسطی پنجاب میں پرانی دشمنی کی بنیاد پر ایک ہی خاندان کے بہت سے افراد کو قتل کرنے کے واقعات عام ہیں۔ اس سال سترہ اپریل کو گجرات میں پرانی دشمنی کی بنیاد پر ایک ہی خاندان کے سات افراد کو اور انتیس مارچ کو گوجرانوالہ کے قریب ایمن آباد کے ایک گاؤں میں اتنے ہی افراد کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔