Sunday, 07 May, 2006, 17:26 GMT 22:26 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر سوئی اور نصیر آباد میں بارودی سرنگوں کے پھٹنے سے کم از کم تین افراد ہلاک اور تین زخمی ہوئے ہیں۔
سوئی میں اب زیادہ تر آبادی کلپر قبیلے کی ہے اور ان میں وہ لوگ بھی شامل ہیں جو نواب اکبر بگٹی کے مخالف سمجھے جاتے ہیں جنہیں حکومت نے کچھ عرصہ پہلے یہاں دوبارہ آباد کیا ہے۔
ادھر نصیر آباد سے آمدہ اطلاعات کے مطابق آج دوپہر چھتر کے علاقے میں ایک بس بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی ہے جس سے بس کو شدید نقصان پہنچا ہے لیکن ڈرائیور اور کنڈیکٹر محفوظ رہے ہیں۔ اس بس سواریاں نہیں تھیں۔
اس واقعہ کے بعد ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس نفری کے ہمراہ اس مقام کی طرف جا رہے تھے جہاں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا تھا کہ ان کی گاڑی بھی مقامی صحافی ہاشم بلوچ کے مطابق ایک بارودی سرنگ سے ٹکرائی ہے جس میں ڈرائیور فیروز ہلاک اور ایک سپاہی زخمی ہو گیا۔