Monday, 01 May, 2006, 06:16 GMT 11:16 PST
دلاور خان وزیر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام
پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں نامعلوم افراد نے ایک قبائلی سردار مولانا جنت میر کو ہلاک کر دیا ہے۔
مولانا جنت میر ایک حکومتی حمایت یافتہ سردار تھے اور انہیں تین دن قبل ان کے آبائی گاؤں عیسو خیل سے اغوا کیا گیا تھا۔ جنت میر کی لاش پیر کی صبح تحصیل میر علی کے نواحی گاؤں عیدک سے ملی۔
اطلاعات کے مطابق کچھ عرصہ قبل مولانا جنت میر کو اپنی سرگرمیوں سے باز رہنے کے لیئے بذریعہ پمفلٹ دھمکی بھی دی گئی تھی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بطور قبائلی سردار مولانا جنت میر کے سول انتظامیہ اور فوج سے خوشگوار تعلقات تھے اور انہی تعلقات کی بناء پر ان پر یہ الزام بھی لگایا جاتا رہا تھا کہ وہ علاقے میں موجود مبینہ طالبان کی جاسوسی کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل پاکستانی فوج نے دعوٰی کیا تھا کہ گزشتہ نو ماہ کے دوران وزیرستان میں تین سو سے زائد شدت پسند ہلاک کیئے گئے ہیں جب کہ اس دوران چھپّن فوجی بھی مارے گئے ہیں۔