Saturday, 29 April, 2006, 23:02 GMT 04:02 PST
پاکستان کی ایک مذہبی تنظیم جماعتہ الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ امریکہ نے ان کے خلاف ناقص معلومات کی بنیادپر پابندی لگائی ہے اور وہ اس پابندی کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رابطہ کریں گے۔
امریکہ نے اپنی ایک سالانہ رپورٹ میں جماعتہ الدعوۃ اور اس کے ذیلی ادارے خدمت خلق پر پابندی لگانے کی بات کی ہے۔
پاکستان کی وزرات داخلہ کے ایک اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ امریکہ نے اس بارے میں حکومت پاکستان کو فی الحال سرکاری طور پر آگاہ نہیں کیا ہےاور پابندی کی بات ذرائع ابلاغ سے ملی ہیں جن کی بنیاد پر ان کے بقول کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکتا۔
جماعتہ الدعوۃ کا شمار ان چند مذہبی تنظیمیوں میں ہوتا ہے جنہیں حکومت نے پہلے سے کڑی نگرانی میں رکھا ہواہے۔
جماعتہ الدعوۃ پر پابندی |
حافظ محمد سعید پہلے لشکر طیبہ کے امیر ہوا کرتے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ جماعتہ الدعوۃ لشکر طیبہ کا نیا نام نہیں ہے اور یہ پاکستان میں صرف فلاحی کام کر رہی ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ امریکی فوجیوں اور اہلکاروں نے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں ان کا امدادی کام دیکھا ہے اور ان کے بقول جماعتہ الدعوۃ کی عوامی مقبولیت سے گھبرا کر یہ پابندی لگائی گئی ہے۔