Wednesday, 26 April, 2006, 12:50 GMT 17:50 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
لاہور کی ایک عدالت نے بدھ کو بھارتی فلم ’تاج محل‘ کے تیرہ مئی تک کیبل ٹیلی وژن پر چلانے پر عارضی پابندی لگادی ہے۔
فلم ’تاج محل‘ اٹھائیس اپریل کو پاکستان کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیئے پیش کی جائے گی۔
فلم ساز اکبر خان اور پاکستان میں اس کے تقسیم کار ستیش آنند نے لاہور کی دیوانی عدالت میں دعویٰ دائر کیا تھا کہ پاکستان میں کیبل آپریٹر تاج محل کو ان کی اجازت کے بغیر کیبل پر دکھا رہے ہیں جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔
سول جج چودھری سرفراز نے اس دعوے پر چودہ کیبل آپریٹر کمپنیوں کو نوٹس جاری کردیے ہیں اور تیرہ مئی تک اس فلم کو کیبل پر نہ چلانے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
پاکستان میں بھارتی فلم ’تاج محل‘ کے پریمئیر شو میں شرکت کے لیئے بھارتی فلمی فنکاروں پر مشتمل ایک وفد لاہور میں ہے جس میں سونیا جہاں، فردین خان، فیروز خان، مہیش بھٹ، شترو گھن سنہا، ششی رنجن، اکبر خان، گلوکار شان اور سنجے خان شامل ہیں۔