http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 22 April, 2006, 13:10 GMT 18:10 PST

بے نظیر، نواز شریف ملاقات پیرکو

پاکستان کے دو سابق وزرائے اعظم نواز شریف اور بینظیر بھٹو پیر کی شام لندن میں ملاقات کرنے والے ہیں۔

نواز شریف اور بے نظیر کی جدہ ملاقات

پاکستان مسلم لیگ کے ترجمان پرویز رشید کے مطابق ملاقات میاں نواز شریف کی رہائش گاہ پر ہو گی۔

پی پی پی کے پارلیمانی صدر مخدوم امین فہیم جو ان دنوں لندن میں ہیں بینظیر کی مصروفیات کے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

پاکستان میں مقبول اور حامیوں کی بہت بڑی تعداد رکھنے والے دونوں سابق وزرائے اعظم جو فوجی آمریت کے مبینہ انتقامی ہتھکنڈوں کے باعث ملک چھوڑنے اور پر مجبور ہوئے ہیں۔

ان ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنما جمہوریت کی بحالی تحریک کو مضبوط بنانے کے تناظر میں پاکستان کی سیاسی صورتِ حال پر غور کریں گے۔

درین اثنا پارٹی کے ترجمان نے پاکستانی فوجی حکومت کی جانب سے برطانیہ میں بینظیر کی سرگرمیوں کی ٹوہ لینے کے لیے لندن میں مبینہ جال بچائے جانے کی مذمت کی ہے۔

ترجمان کا کہنا کہ مشرف حکومت کے لوگوں نے ہیتھرو کے ہوائی اڈے پر بے نظیر کی آمد کی تصاویر بنائیں اور ان کا تعاقب بھی کیا۔

ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستانی فوجی حکومت اس امکان سے ہی پریشان ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں فوجی آمریت کے خلاف متحد ہو رہی ہیں۔

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو سنیچر کو صبح امریکہ جاتے ہوئے مختصر قیام کے لیے لندن پہنچیں جہاں وہ اپنی پارٹی کے کچھ امور بھی نمٹائیں گی۔

لندن میں ان کی پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اتوار کو وہ لندن میں پی پی پی آزاد کشمیر کے پارلیمانی بورڈ کے ابتدائی اجلاس میں شرکت کریں گی۔

جس کے بعد اپنے شوہر سینیٹر آصف زرداری سے ملنے کے لیے امریکہ روانہ ہوں گی۔ سینیٹر آصف زرداری کے بارے میں پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان میں آٹھ سال تک مسلسل قید تنہائی میں رکھے جانے کے باعث بیمار اور زیر علاج ہیں۔