Thursday, 20 April, 2006, 13:07 GMT 18:07 PST
اعجاز مہر
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
اسلام آباد میں قائم بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کے ترجمان نے جمعرات کے روز بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ اپنے لڑاکا پائلٹ مطیع الرحمٰن کا جسد خاکی پاکستان سے بنگلہ دیش لے جانے کے لیے انتظامات کر رہے ہیں اور جلد ہی انہیں وہاں دوبارہ دفن کیا جائے گا۔
مطیع الرحمٰن جو کہ پاک فضائیہ میں لڑاکا پائلٹوں کو تربیت دیتے تھے وہ سن انیس سو اکہتر کی جنگ کے دوران کراچی سے لڑاکا طیارہ اغوا کرکے بنگلہ دیش لے جارہا تھے تو بھارت کی سرحد کے قریب ان کا جہاز تباہ ہوگیا تھا اور وہ ہلاک ہوگئے تھے۔
مطیع الرحمٰن کے متعلق پاکستان حکومت کا دعویٰ ہے کہ بیس اگست کو جب راشد منہاس اپنی تربیتی پرواز پر تھے تو انہیں طیارے میں خرابی کا اشارہ کرکے روکا اور انہیں ’کلوروفام‘ سے نیم بے ہوش کردیا۔ مطیع الرحمٰن نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ وہ ان کے اہل خانہ کو کراچی میں بھارتی ہائی کمیشن پہنچائیں اور وہ طیارہ جودھ پور لے جارہے ہیں۔
جبکہ بنگلہ دیشی پائلٹ مطیع الرحمٰن کے اعضا کراچی میں مدفون کیے گئے اور انہیں نو آزاد ملک بنگلہ دیش نے اپنا اعلیٰ ترین فوجی اعزاز دیا۔ موجودہ بنگلہ دیش کی وزیراعظم بیگم خالدہ ضیا اس سال فروری میں جب پاکستان آئیں تھیں تو انہوں نے اپنے مدفون پائلٹ کا جسد خاکی ڈھاکہ لے جانے کی خواہش ظاہر کی اور پاکستان حکومت نے انہیں اجازت دے دی۔
اس ضمن میں جب دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم سے دریافت کیا تو انہوں نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان حکومت نے جذبہ خیر سگالی کے تحت بنگلہ دیش کی حکومت کو مطیع الرحمٰن کا جسد خاکی لے جانے کی اجازت دی ہے اور اب یہ ان کی حکومت پر منحصر ہے کہ وہ کب لے جاتے ہیں۔‘
اس بارے میں بنگلہ دیش کے ہائی کمیشن کے ترجمان سے جب پوچھا تو انہوں نے کہا کہ وہ انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور بہت جلد اپنے مدفون پائلٹ کا جسد خاکی ڈھاکہ لے جائیں گے اور دوبارہ دفن کریں گے۔
ہائی کمیشن کے ترجمان نے کہا کہ مطیع الرحمٰن بنگلہ دیش کے ہیرو ہیں اور انہیں بنگلہ دیشی حکومت نے اعلیٰ ترین فوجی اعزاز ’بیر شریسترہ‘ یعنی ’بہترین بہادر ہیرو‘ کا لقب دے رکھا ہے۔
مشرقی پاکستان جو کہ پاکستان کا حصہ تھا لیکن انیس سو اکہتر میں بنگلہ دیش کے نام سے علیحدہ ملک بنا تو اس وقت طیارہ اغوا کرکے لے جانے والے بنگالی پائلٹ مطیع الرحمٰن کو پاکستان میں غدار کا نام دیا گیا۔