Thursday, 20 April, 2006, 13:49 GMT 18:49 PST
عبدالحئی کاکڑ
پشاور
پاکستان میں حکام کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقے باجوڑ میں فائرنگ کے تبادلے ميں ایک مشکوک غیر ملکی سمیت لیویز فورس کا ایک سپاہی ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا ہے۔
پاکستان فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان نے بی بی سی کو بتایا کہ یہ واقعہ جمعرات کی سہ پہر دوبجے شاہ گئی کے مقام پر اس وقت پیش آیا ہے جب لیویز فورس چیک پوسٹ پر ایک گاڑی کی تلاشی لے رہی تھی کہ ایک مشکوک شخص نے تلاشی دینے سے انکار کرتے ہوئےلیویز اہلکاروں پر فائر کھول دیا جس سےلیویز کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
شوکت سلطان کے بقول جوابی فائرنگ میں مشکوک شرپسند بھی موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والا شخص غیر ملکی ہے لیکن اس کی قومیت کا سردست معلوم نہیں ہو سکا۔
شوکت سلطان نے مزید بتایا کہ پولٹیکل انتظامیہ نے اس کی لاش قبضے میں لےلی ہے اور بعد میں اس کی مکمل شناخت ممکن ہوسکے گی۔
بی بی سی کے نامہ نگار کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں کے مطابق مرنے والا شخص عربی زبان بولتا تھا۔