Tuesday, 18 April, 2006, 01:22 GMT 06:22 PST
پاکستانی پولیس نے پاک افغان سرحد کے قریب تین مبینہ القاعدہ ارکان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مبینہ القاعدہ ارکان ایک کار میں سوار تھے اور جب انہیں ایک ناکہ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے اسے نظر انداز کیا۔
پولیس کے مطابق ان کار کا پیچھا کیا گیا اور فائرنگ کر کے کار کو رکنے پر مجبور کر دیا جس کے بعد مبینہ القاعدہ ارکان کی گرفتاری عمل میں آئی۔
گرفتاری کے وقت دو مبینہ القاعدہ ارکان نے برقعے پہن کر عورتوں کا روپ دھار رکھا تھا۔ کار میں سے ایک AK-47 رائفل اور دستی بم بھی برآمد ہوئے ہیں۔
حکام نے ابھی تک گرفتار ہونے والے افراد کی قومیتوں کے بارے میں کوئی بیان جاری نہیں اور نہ ہی یہ بتایا کہ گرفتار شدہ افراد القاعدہ میں کتنے اہم تھے۔
تاہم امریکی خبررساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے دو انٹیلی جنس اہلکاروں کے حوالے سے بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں سے ایک عرب ہیں جبکہ دو کا تعلق افغانستان سے ہے۔