Monday, 10 April, 2006, 19:53 GMT 00:53 PST
صوبہ بلوچستان کے علاقے مند میں نیم فوجی دستے کی ایک گاڑی دھماکہ خیز مواد سے ٹکرائی ہے جس میں کم سے کم تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ مند سے آمدہ اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں پانچ اہلکار زخمی ہوئے جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
اس سے پہلے پیر ہی کو کوہلو کے علاقے میں ایک حجام کی دکان میں بم پھٹنے سے نیم فوجی دستے کے اہلکار سمیت دو افراد ہلاک اور بیس زخمی ہوگئے ہیں۔
مند کے واقعے میں فرنٹیئر کور یعنی نیم فوجی دستے کے کیمپ سے کچھ فاصلے پر پیش آیا ہے۔ مقامی لوگوں کا خیال ہے کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول سے کیا گیا جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
فرنٹییر کور کے ترجمان نے بتایا ہے اس واقعہ میں ان کے تین اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ مقامی لوگوں نے کہا ہے کہ پانچ زخمی ہوئے ہیں جن میں سے تین ہسپتال میں داخل ہیں اور دو کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے۔
ایف سی کے ترجمان نے کہا ہے کہ آج ڈیرہ بگٹی میں پیر کوہ کے علاقے سے گیس پلانٹ کے قریب سے دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا ہے۔
ادھر گوادر سے بھی ایک دھماکہ ہونے کی اطلاع ہے لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ اس کے علاوہ تفتان کے قریب دھماکے سے ریل کی پٹڑی کو نقصان پہنچا ہے اور نوشکی میں دھماکے کی آوازیں سنی گئی ہیں لیکن مقام کا تعین نہیں ہو سکا۔