http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 08 April, 2006, 22:40 GMT 03:40 PST

عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور

الفلاح بلڈنگ کی تیسری منزل راکھ

لاہور میں دی مال پر مشہور سرکاری عمارت الفلاح بلڈنگ کی تیسری منزل آگ لگنے سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

سنیچر کی سہ پہر لگنےوالی آگ نے پانچ منزلہ الفلاح بلڈنگ کی تیسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لےلیا جس سے اس منزل پر واقع تمام دفاتر جل کر راکھ ہوگئے۔

اسی بلڈنگ کی نچلی منزل میں امریکہ کا سٹی بنک بھی واقع ہے۔

فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں الفلاح کی آگ بجھانے کی تین گھنٹے سے کوشش کرتی رہیں تاہم آدھے حصہ کی آگ پر شام تک قابو نہیں پایا جاسکا تھا۔

ایدھی کے مطابق ابھی تک آگ لگنے سے کسی شخص کے ہلاک ہونے کا پتہ تو نہیں چل سکا اور اگ مکمل طور پر بجھنے کے بعد ہی اس کا پتہ چل سکے گا۔

ایدھی کے مطابق ابھی آگ لگنے کی وجہ کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا لیکن عام تاثر ہے کہ اس کی وجہ بجلی کا شارٹ سرکٹ ہوسکتا ہے۔