Tuesday, 04 April, 2006, 16:16 GMT 21:16 PST
مبشر زیدی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان نے امریکہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان کی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اسے بھی بھارت کی طرز پر غیر فوجی جوہری توانائی فراہم کرے تاکہ خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کو روکا جا سکے۔
واضح رہے کہ امریکی حکام بشمول صدر بش پاکستان کے ساتھ کسی غیر فوجی جوہری معاہدے سے انکار کر چکے ہیں مگر پاکستانی حکام کو امید ہے کہ شائد امریکہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے یا پاکستان کی توانائی کی ضروریات کسی اور ذریعے سے پوری کرنے کی حامی بھرے۔
امریکی نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا رچرڈ باؤچر کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔
![]() | |
| صدر بش کے دورہ پاکستان کے دوران سٹریٹیجک پارٹنرشپ پر ہونے والی بات چیت پر مزید بات چیت ہوئی |
پاکستانی حکام کے ساتھ مذاکرات میں وزیر خارجہ اور امریکی نائب وزیر خارجہ میں صدر بش کے دورہ پاکستان کے دوران سٹریٹیجک پارٹنرشپ پر ہونے والی بات چیت پر مزید بات چیت ہوئی۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق پاکستانی وزیر خارجہ نے امریکی نائب وزیر خارجہ سے افغانستان کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور پاک افغان سرحد پر امن قائم کرنے کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا حامی ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ نے امریکی وزیر سے پاک بھارت تعلقات اور اعتماد سازی کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بھی بات کی۔
خورشید قصوری نے پاکستان میں زلزلے کے بعد امریکی امداد پر امریکی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ امریکہ زلزلہ زدہ علاقوں میں تعمیر نو کے کام میں بھی پاکستان کی بھرپور مدد کرے گا۔