Monday, 03 April, 2006, 15:18 GMT 20:18 PST
پاکستان میں صحافیوں کی نمائندہ تنظیم پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ منگل کو یوم مطالبات سے صحافیوں کی اجرتیں بڑھانے کے لیے ویج ایوارڈ اور اخباری صنعت میں کنٹریکٹ ملازمت کو ختم کرنے کے لیے تحریک کا آغاز کر رہی ہے۔
یوم مطالبات کے موقعہ پر پانچ اپریل کو اسلام آباد میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنسلٹ کے زیر اہتمام ایک ریلی منعقد کی جائے گی اور وزارتِ اطلاعت کے ذیلی ادارے پی آئی ڈی کے سامنے احتجاجی کیمپ بھی لگایا جائے گا۔
پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے سابق جنرل سیکریٹری سی آر شمسی نے بتایا کہ اس احتجاجی تحریک کے دوران صحافی تمام سرکاری تقریبات میں سیاہ پٹیاں لگا کر شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اخباری صنعت کے کارکنوں اور صحافیوں کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے ہر چار بعد ویج بورڈ تشکیل دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا ساتویں ویج بورڈ نے سپریم کورٹ کے جج کی سربراہی میں نئی تنخواہوں کا تعین کیا تھا لیکن تین سال سے زیادہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود اخباری مالکان اس پر عملدرآمد کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔
انہوں اس ضمن میں حکومت کے روئے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ وفاقی کابینہ یہ فیصلہ کر چکی ہے کہ سرکاری اشتہارات کو ویج بورڈ اور کنٹریکٹ ملازمت سے مشروط کیا جائے گا لیکن حکومت اپنے ہی فیصلے پر عملدرآمد نہیں کر رہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنسلٹ اس بات پر بھی غور کر رہے ہے کہ پاکستان کے صدر اور وزیر اعظم کے بیرون ملکوں دوروں کے دوران متعلقہ ملکوں میں بھی احتجاج کیئے جائیں تاکہ پاکستان میں صحافیوں کے معاشی استحصال کو اجاگر کیا جاسکے۔