http://bbc.com.im/urdu/

Thursday, 23 March, 2006, 19:52 GMT 00:52 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی

پاکستانی بنگالیوں کی مسلم لیگ

کراچی میں پاکستانی نژاد بنگالیوں نے سیاسی جماعت بنانے اور انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی میں جمعرات کی شام ایک جلسے میں پاکستان مسلم لیگ (اے کے فضل الحق) کے قیام کا اعلان کیا گیا۔ اس جماعت کاصدر ڈاکٹر صالح ظہور کو نامزد کیا گیا ہے۔

اس جلسے میں خواتین سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جنہوں نے سبز پرچم اٹھائے ہوئے تھے۔

ڈاکٹر صالح ظہور کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان کے بعد سے بنگالیوں پر مظالم کئے گئے ہیں۔ایک جانب بنگلہ دیش کو علیحدہ کیا گیا دوسری جانب ہمیں کہا جاتا ہے کہ ہم تارکین وطن ہیں۔

ڈاکٹر ظہور نے دعویٰ کہا کہ کراچی میں بڑی تعداد میں بنگالی رہائش پذیر ہیں،
جو قومی اور صوبائی اسمبلی میں بڑی تعداد میں اپنے نمائندے بھیج سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ پاکستان کا دورہ کرینگے اور مسلم لیگ(اے کے فضل الحق) کی تنظیم سازی کرینگے۔ ان کے مطابق ’ہماری جماعت کا کسی بھی جماعت سے کوئی اختلاف نہیں ہے‘۔

ڈاکٹر ظہور کا کہنا تھا کہ ہم نے بھی اس ملک کے قیام کے لئے قربانی دی مگر ہماری بستیوں کو بنیادی سہولیات نہیں دی جاتیں اور نہ ہی ہمیں روزگار فراہم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان کو شناختی کارڈ، پاسپورٹ اور دیگر حقوق دیتے ہوئے بہانے بناکر تنگ کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ سقوط ڈھاکہ کے بعد سے بڑی تعداد میں بنگالی پاکستان میں موجود ہیں جو اپنے آپ کو پاکستانی نژاد بنگالی کہتے ہیں۔