Sunday, 19 March, 2006, 07:42 GMT 12:42 PST
دلاور خان وزیر
ڈیرہ اسماعیل خان
پاکستان کے صوبہ سرحد کے شہر ڈیراسماعیل خان میں پولیس کی ایک گاڑی پر ہونے والے ایک بم حملے میں سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق مرنے والوں میں تین پولیس والے، ایف سی کے تین اہلکار اور ایک راہگیر شامل ہیں جبکہ اس واقعہ میں پانچ پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔
یہ دھماکہ اتوار کی صبح شہر کے مرکز سے تقریباً ایک کلومیٹر دور کوٹلی بازار میں ایک امام بارگاہ کے قریب ہوا۔ دھماکے سے پولیس کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔
ضلع کے ڈی پی او دار علی خٹک نے بتایا ہے کہ حملہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا اور اس کا نشانہ پولیس والے تھے۔
ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم ڈی پی او دار علی خٹک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ حملہ وزیرستان میں جاری کارروائی کا ردِ عمل ہو سکتا ہے۔