http://bbc.com.im/urdu/

Monday, 13 March, 2006, 13:17 GMT 18:17 PST

ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کراچی

خاتون گورنر کے دستخط شدہ نوٹ

سٹیٹ بنک آف پاکستان نے اپنی پہلی خاتون گورنر کے دستخط والے نوٹ جاری کر دیے ہیں۔

دس ، بیس، پچاس، سو، پانچ سو اور ہزار روپے مالیت کے ان نوٹوں پر ڈاکٹر شمشاد اختر کے دستخط ہیں۔

اسٹیٹ بینک کے ترجمان سید وسیم نے بی بی سی کو بتایا کہ ملک میں بینک کے موجود تیرہ دفاتر نے پیر کے روز سے ڈاکٹر شمشاد کے دستخط والے نوٹ کا اجرا کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ان نوٹوں کے ڈیزائن یا رنگت میں فوری کوئی بھی تبدیلی نہیں کی گئی ہے مگر ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سال کے آخر تک مارکیٹ میں موجود تمام کرنسی نوٹ تبدیل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچر ہوں گے۔

ترجمان کے مطابق دس، پچاس،پانچ سو اور ہزار روپے مالیت کے نوٹ اسی سال تبدیل ہو جائیں گے مگر پرانے نوٹ بھی چلتے رہیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پانچ ہزار کا نیا نوٹ بھی متعارف کرایا جائےگا۔

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ تین دسمبر دو ہزار پانچ کو کسی خاتون کو بینک دولت پاکستان کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے برطانیہ سے اقتصادیات میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے اور وہ ہارورڈ یونیورسٹی کی فُل برائٹ سکالر بھی ہیں۔ وہ بنک دولتِ پاکستان کی چودھویں گورنر ہیں اور عالمی بینک ایشیائی ترقیاتی بینک سے بھی وابستہ رہی ہیں۔