Monday, 13 March, 2006, 12:04 GMT 17:04 PST
ندیم مشتاق رامے
بورے والہ
ضلع پاکپتن کی تحصیل عارف والا میں پنچایت کے فیصلہ کے مطابق اغوا کی گئی دو خواتین کو بازیاب کرا لیا گیا ہے۔ پنچایت نے دونوں خواتین کو اغوا کرنے کا فیصلہ اس وقت دیا تھا جب گاؤں کی ایک لڑکی پسند کی شادی کی خاطر گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی۔
عارف والا کے گاؤں اٹھارہ ای بی کے رہائشی زمیندار کی بیٹی اپنے گھر میں کام کرنے والے ملازم کے ساتھ شادی کرنا چاہتی تھی اور گھر چھوڑ کر چلی گئی تھی جس پر پنچایت نے لڑکے کی دو بھاوجوں کو اٹھانے کا فیصلہ دیا تھا۔ اس فیصلے کے تحت تیرہ افراد نے مبینہ طور پر لڑکے کی رشتہ دار دو خواتین کو اغوا کرلیا تھا۔
اب ان دو خواتین کو تو بازیاب کروا لیا گیا ہے تاہم پسند کی شادی کے لیے گھر چھوڑ کر جانے والی لڑکی کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ دوسری جانب اغواء ہونے والی خواتین کے چند رشتہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز ایک مقامی زمیندار سالم خان رتھ نے ان مغوی خواتین کو بذریعہ پولیس ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا۔
پولیس نے ابھی تک ان خواتین کے اغواء میں ملوث کسی بھی ملزم کو گرفتار نہیں کیا ہے۔
ایس ایچ او تھانہ صدر عارف والا سید شاہد عباس نے بتایا ہے کہ انہوں نے ان دونوں خواتین کے اغواء میں ملوث تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کہ گھر چھوڑ کر جانے والی لڑکی کے کزن محمد منشاء کی رپورٹ پر ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں کسی بھی شخص کو گرفتار نہیں کیا گیا کیونکہ پولیس لڑکے اور لڑکی کے علاوہ دیگر نامزد افراد کو بے گناہ سمجھتی ہے۔
تاہم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر پاکپتن چوہدری حبیب احمد گھمن نے اس معاملے کی تحقیقات ڈی ایس پی انوسٹی گیشن طاہر اقبال وڑائچ کو سونپ دی ہیں۔
چوہدری حبیب احمد نے کہا کہ اس کیس کی غیر جانبدارانہ انکوائری کی رپورٹ بہت جلد پیش کر دی جائے گی۔