Thursday, 09 March, 2006, 19:06 GMT 00:06 PST
مناء رانا
بی بی سی اردو ڈاٹ کام لاہور
پاکستان کے صوبۂ پنجاب کی حکومت نے فوری طور پر پورے صوبے میں پتنگ بازی پر پابندی عائد کر دی ہے۔
یہ فیصلہ رات گئے وزیر اعلی ہاؤس میں ایک اعلی سطحی اجلاس کے بعد کیا گیا۔
اس پابندی کا اطلاق فوری طور پر کیا جائے گا لیکن یہ پابندی صرف پتنگ بازی پر ہی لاگو ہو گی اور لاہور میں ہونے والی جشن بہاراں کی تقریبات معمول کے مطابق ہوں گی۔
لاہور میں پتنگ بازی سے اٹھنے والی عارضی پابندی کے بعد اب تک گلے پر ڈور پھرنے سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد نو ہو چکی ہے اور ایک چار سال کے معصوم بچے کی ہلاکت کے بعد شہر کی کئی سماجی، مذہبی اور سیاسی تنظیموں نے پتنگ بازی کے خلاف بھر پور مظاہرے بھی کیے اور اس پر فوری پابندی کا مطالبہ بھی کیا۔
پنجاب کے وزیر اعلی پرویز الہی نےمنگل کے روز یہ اعلان بھی کیا تھا کہ اگر ہلاکتوں کا سلسلہ جاری رہا تو پتنگ بازی پر چار پانچ روز میں پابندی عائد کر دی جائے گی جبکہ لاہور میں بسنت گیارہ مارچ کی رات اور بارہ مارچ کو منائی جانی تھی۔
وزیر اعلی کے اس اعلان کے بعد بھی ڈور پھرنے سے کچھ ہلاکتیں ہوئیں اور متعدد لوگ زخمی بھی ہوئے جس کے نتیجے میں حکومت پنجاب نے پورے صوبے میں پتنگ بازی پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس پابندی کے لگنے سے پہلے ایک خبر یہ بھی آئی تھی کہ پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ وہ بسنت کی کسی تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔