Saturday, 04 March, 2006, 10:57 GMT 15:57 PST
عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ
صوبہ بلوچستان کے شہر نوشکی میں نامعلوم افراد نے ریل گاڑی پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس میں ایک فائر مین زخمی ہوا ہے اور انجن کو نقصان پہنچا ہے۔
نوشکی کے ضلعی ناظم بہادر مینگل نے نوشکی کے اس پہاڑی علاقے سے جہاں سے حملہ کیا گیا ہے، ٹیلیفون پر بتایا کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ مسلح افراد نے تین راکٹوں سے ریل گاڑی کا نشانہ بنایا اور پھر اس پر کلاشنکوف سے فائرنگ کی ہے۔
اس پہاڑی علاقے سے پہلے بھی مسلح افراد تنصیبات پر حملے کرتے رہے ہیں۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے نعیم ملک نے بتایا ہے مال گاڑی پر حملہ کیا گیا ہے جس سے ایک فائرمین زخمی ہوا ہے جبکہ ریل کے انجن کو نقصان پہنچا ہے جس سے ٹرین کو ادھر ہی روک دیا گیاہے۔
ریل کی یہ پٹڑی کوئٹہ سے ایران کی سرحد تفتان تک جاتی ہے جس پر مہینے میں دو مرتبہ مسافر گاڑی جاتی ہے۔ یہ ریل گاڑی مہینے کی پندرہ اور یکم تاریخ کو چلتی ہے۔
یاد رہے کہ سوموار کے روز بلوچستان میں نامعلوم افراد نے دو ریل گاڑ یوں پر حملے کیے تھے جس میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کا ایک اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہو گئے تھے۔ ایک مسافر ٹرین چلتن ایکسپریس پر مچھ کے قریب حملہ کی گیا تھا جس سے ٹرین پٹڑی سے اتر گئی تھی ۔ اسی روز سبی ہرنائی سیکشن پر ایک ریل گاڑی پر حملہ کیا گیا تھا۔