Saturday, 04 March, 2006, 16:52 GMT 21:52 PST
ریاض سہیل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام کراچی
کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ میں متحدہ قومی موومنٹ کے ایک کارکن سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
شہر کے علاقے گارڈن ویسٹ میں جیلانی مسجد کے پاس ہفتے کی شام پانچ بجے کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس میں دو افراد ہلاک اور ایک خاتون زحمی ہوگئیں۔
گارڈن پولیس نے بتایا کہ ہے مسلح افراد جن کی تعداد دو تھی فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ مقتولین کی شناخت عمران اور پچیس سال شبانہ کے نام سے کی گئی ہے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رکن اسمبلی عبدالقدوس نے بتایا ہے کہ مقتول عمران ان کا کارکن تھا۔
لاش کا معائنہ کرنے والے ڈاکٹر نے بی بی سی کو بتایا کہ عمران کو پانچ سے زائد شبانہ بنت ہارون کو تین اور زخمی مہرالنسا کو ایک گولی لگی ہے۔ زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ دکانیں بند ہوگئی ہیں۔
اس سے قبل پندرہ فروری کو صوبائی حکومت کی اہم اتحادی جماعت متحدہ کے دو کارکنان نامعلوم افراد کی فائرنگ میں ہلاک ہوگئے تھے۔