http://bbc.com.im/urdu/

Saturday, 25 February, 2006, 05:43 GMT 10:43 PST

’بش مشرف پر دباؤ ڈالیں‘

امریکہ کے محکمہ خارجہ کی انڈر سیکریٹری جوسٹ شائنر نے کہا ہے کہ پاکستان میں اگلے برس انتخابات کا انعقاد ہی یہ ثابت کرے گا کہ ملک میں کتنی جمہوریت ہے اور کس سطح کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق جوسٹ شائنر نے کہا کہ حکومت کو اگلے برس آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔

ہیومن رائٹس واچ کے ایشیا ڈویژن کے ڈائریکٹر بریڈ ایڈمز نے تنظیم کی طرف سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز میں کہا کہ ’صدر مشرف کے طاقت پر قابو رکھنے کے جاری عمل کو نظر انداز کرنے سے بش انتظامیہ کے مسلم دنیا میں جمہوریت کو پروان چڑھانے کے مقصد کو نقصان پہنچتا ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’ریاست کے حکومت نواز سیاستدانوں کے بیانات سے لگتا ہے کہ وہ دو ہزار سات سے آگے مشرف اقتدار کو جاری رکھنے کے لیے سٹیج تیار کر رہے ہیں‘۔

ہیومن رائٹس واچ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ ’امریکہ کو اس ضمن میں ایک خاموش تماشائی نہیں بننا چاہیئے اور صدر مشرف کو اس بات کی اجازت نہیں دینا چاہیئے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف امریکہ کے ساتھ اتحاد کو اپنے لیے زیادہ طاقت حاصل کرنے کے لیے استعمال کریں‘۔

یاد رہے کہ صدر بش اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔