Friday, 24 February, 2006, 07:52 GMT 12:52 PST
عدنان عادل
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور
لاہور پولیس نے جمعہ کے روز جماعت اسلامی اور متحدہ مجلس عمل کے سربراہ قاضی حسین احمد کو ان کے گھر پر نظر بند کرنے کے احکامات جاری کردیے۔
ایم ایم اے نےجمعہ کو ہی متنازعہ کارٹونوں پر یوم احتجاج منانے کا اعلان کیا ہوا ہے۔
جماعت اسلامی کے ہیڈکوارٹرز منصورہ کے باہر جمعہ کی صبح پولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی جو لوگوں کو اندر جانے سے روک رہی ہے۔
جماعت اسلامی کے ترجمان انور نیازی کے مطابق نصف شب کے بعد ڈھائی بجے پولیس نے جماعت اسلامی سے کہا تھا کہ وہ قاضی حسین احمد کی نظر بندی کے احکامات پر دستخط کریں لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔ تاہم قاضی حسین احمد منصورہ کے اندر موجود ہیں اور باہر نہیں نکلے۔
متحدہ مجلس عمل نے نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد کارٹونوں کے معاملہ پر احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ ترجمان کے مطابق قاضی حیسن احمد منصورہ کے اندر جمعہ پڑھائیں گے۔
لاہور میں پولیس نے جمعرات کی شب دس افراد کو حراست میں لیا جن پر چودہ فروری کو لاہور میں توڑ پھوڑ کرنے کا الزام ہے۔ جماعت اسلامی کے مطابق اس کے کارکنوں کو شہر کے مختلف مقامات سے گرفتار کیا گیا۔
لاہور پولیس کے سربراہ کے مطابق اب تک چودہ فروری کے واقعات کے سلسلہ میں انتالیس مقدمات درج کرکے تین سو گیارہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ پینسٹھ افراد کو نظر بند کیا گیا ہے۔