http://bbc.com.im/urdu/

Tuesday, 21 February, 2006, 11:05 GMT 16:05 PST

عزیزاللہ خان
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ

ڈیرہ بگتی کو گیس کی ترسیل منقطع

سبی کے قریب بارودی سرنگ کے پھٹنے سے تین افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ ڈیرہ بگٹی میں گیس پائپ لائن کے پھٹنے سے ڈیرہ بگٹی کو گیس کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان رازق بگٹی نے کہا ہے کہ سبی اور لہڑی کے درمیان پھلیدی کے قریب ایک بیل گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی جس سے تین افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نےاس علاقے میں بارودی سرنگوں کی صفائی کا کام شروع کر دیا ہے۔

ادھر ڈیرہ بگٹی سے ضلعی رابطہ افسر عبدالصمد لاسی نے بتایا ہے کہ نامعلوم افراد نے شہر کے مشرق میں واقع زانکو کالونی سے گزرنے والی ایک پائپ لائن کو پیر کی رات دھماکے سے اڑا دیا جس سے پائپ لائن میں آگ لگ گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی نےگیس کی ترسیل منقطع کر دی جس کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

ڈیرہ بگٹی کے ناظم کاظم بگٹی نے کہا ہے کہ ’مقامی لوگ اس پائپ لائن پر حملہ نہیں کر سکتے۔ یہ حکومت کے کارندے خود کر رہے ہیں‘۔انہوں نے دعوٰی کیا کہ گزشتہ روز سنگسیلہ اور کمبی کے علاقے میں سکیورٹی فورسز اور مقامی قبائلیوں کے مابین جھڑپوں میں ایف سی کے اہلکاروں کو نقصان پہنچا ہے لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔