Monday, 20 February, 2006, 10:26 GMT 15:26 PST
مبشر زیدی
بی بی سی اردو ڈاٹ کام، اسلام آباد
پاکستان کی حکومت نے برڈ فلو پھیلنے کے خطرے سے بچنے کے لیے پڑوسی ممالک بھارت اور ایران سے پولٹری مصنوعات اورپرندوں کے داخلے پر
پابندی لگا دی ہے۔
ادھر وفاقی وزیر صحت نصیر خان کا کہنا ہے کہ ابھی تک پاکستان میں برڈ فلو کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے مگر چونکہ بھارت اور ایران میں برڈ فلو کے کیسز سامنے آئے ہیں لہذا پاکستان کی حکومت اس معاملے میں انتہائی چوکس ہے اور اس کی کوشش ہے کہ پڑوسی ممالک سے مرغیاں، پرندے اوردیگر پولٹری مصنوعات کسی صورت پاکستانی سرحد میں نہ آ سکیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان پولٹری مصنوعات کی نقل و حرکت پر بھی پابندی لگائی جا چکی ہے۔
وزیر کے مطابق اس بیماری سے بچاؤ کے لیے ملک بھر میں چھ ٹیمیں بنائی گئی ہیں جو ملک بھر میں قائم بارہ لیبارٹریوں میں چاروں صوبوں سے پولٹری مصنوعات کا ٹیسٹ کریں گی۔
گو پاکستان اپنے پڑوسی ممالک سے پولٹری مصنوعات درآمد نہیں کر رہا تاہم حکام کو خدشہ ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان سفر کرنے والے مسافر اکثر بھارت اور ایران سے پرندے لاتے ہیں جو انہیں تحفے کے طور پر ملتے ہیں۔اسی لیے بھارت سے آنے والی ٹرین کے مسافروں کو وہاں سے پرندے لانے کی ممانعت
کردی گئی ہے۔