Sunday, 19 February, 2006, 18:46 GMT 23:46 PST
متنازعہ کارٹون کے خلاف بڑھتے ہوئے احتجاج کے بعد ڈنمارک نے پاکستان سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا۔
ڈنمارک کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں متنازعہ کارٹونوں کے جاری بدامنی کی وجہ سے وہاں سفیر کے لیے کام کرنا ناممکن ہو گیا تھا۔
ڈنمارک نے دو روز پہلے اسلام آباد میں اپنے سفارت خانے کو بند کر دیا تھا اور پاکستان میں تمام ڈینش باشندوں کو کہا ہے کہ جتنا جلدی ہو سکے وہ پاکستان چھوڑ دیں۔
متنازعہ کارٹونوں کے خلاف احتجاج کی وجہ سے ڈنمارک پہلے ہی ایران، انڈونیشیا اور شام سے اپنے سفیر واپس بلا چکا ہے۔
پاکستان میں پیغمبر اسلام کے کیری کیچرز کے خلاف شدید مظاہرے ہو رہے ہیں جن میں اب تک پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور نجی و سرکاری املاک کو بھی بہت نقصان پہنچایا گیا ہے۔
پاکستان میں ڈنمارک کے پرچم اور ڈینش وزیر اعظم کے پتلے بھی نظر آتش کئے گئے ہیں اور حکومت سے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ڈنمارک سے سفارتی تعلقات ختم کئے جائیں۔
گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر صحت نصیر خان نے ایوان بالا یعنی سینیٹ کو بتایا تھا کہ ڈنمارک سے ادویات کی درآمد پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔